ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل شمس نور نرسنگ ہوم میں ایک غیر شادی شدہ خاتون کے پیٹ سے بچہ دانی کو محفوظ رکھتے ہوئے نکالی گئی رسولیاں

بھٹکل شمس نور نرسنگ ہوم میں ایک غیر شادی شدہ خاتون کے پیٹ سے بچہ دانی کو محفوظ رکھتے ہوئے نکالی گئی رسولیاں

Wed, 30 Mar 2022 18:09:41    S.O. News Service

بھٹکل 30 مارچ (ایس او نیوز)  بھٹکل  شمس الدین سرکل کے قریب واقع شمس نور نرسنگ ہوم میں  ڈاکٹر شمس نور کی قیادت  میں  ایک 26 سالہ غیر شادی شدہ خاتون  کے پیٹ  سے   بچہ دانی  کو محفوظ رکھتے ہوئے رسولیوں کو  نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا گیا جس کے بعد شہر میں  ڈاکٹر کی خوب پذیرائی  کی جارہی ہے۔

پتہ چلا ہے کہ   فائبرائیڈ (جسے عرف عام میں  رحم مادر میں بننے والی  عضلاتی رسولی  یا گانٹھ کہا جاتا ہے) کی وجہ سے خاتون  کے  پیٹ میں  شدید درد  تھا جس کو لے کر وہ بے حد پریشان تھی، جانچ کرنے پر پتہ چلا  تھا کہ اس کے رحم مادر میں  ایک سے زیادہ فائبرائیڈز ہیں   جس  میں بڑی  گانٹھ  کی پیمائش 25x18cms  تھی۔

خاتون نے اسپتال پہنچ کر    بتایا تھا کہ وہ اس گانٹھ سے بہت زیادہ  پریشان ہے  اوراسے نکالنے کے لئے  مختلف اسپتالوں کے  چکر کاٹ چکی  ہے، مگر  دوسرے  ڈاکٹروں نے اسے مشورہ دیا تھا کہ گانٹھ کو نکالنے کے لئے  بچہ دانی کو ہی نکالنا ہوگا،  مگر  بھٹکل کی ماہر گائناکولوجسٹ ڈاکٹر شمس نور نے   اس خاتون کا کامیاب  آپریشن کرتے ہوئے بچہ دانی کو محفوظ رکھ کر  گانٹھ کو  کامیابی کے ساتھ نکال  دیا اور  خاتون کو راحت پہنچانے میں کامیاب ہوگئی۔

ماہر امراض نسواں ڈاکٹر شمس نور نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ  اس خاتون کی بچہ دانی میں سے صرف رسولیوں  کو ہی نکالا گیا ہے اور اس کی بچہ دانی  بالکل محفوظ ہے۔  ڈاکٹر شمس  نور نے یہ بھی  بتایا کہ   خاتون اب  24 گھنٹوں کی  نگرانی کے بعد مکمل صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوچکی ہے۔

اس اہم اور کامیاب آپریشن پر اسپتال کے  جملہ  اسٹاف بالخصوص نرسنگ ہوم کے مینجنگ ڈائرکٹر سید قطب لنکا نے ڈاکٹر شمس نور کو مبارکباد پیش کی  ہے  اور عوام الناس کو پیغام دیا ہے کہ  خواتین کے علاج بالخصوص زچگی وغیرہ کے لئے  شمس نور  نرسنگ ہوم میں بہترین علاج   اور  سہولیات فراہم کی گئی ہے جس سے عوام مستفید ہوسکتے ہیں۔


Share: